کاروار :13؍اپریل (ایس اؤ نیوز )ریاست کرناٹک کے ودھان سبھا اسمبلی کے لئے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے جس کے ساتھ ہی ضلع کے سبھی افسران چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کرتےہوئے چوکسی برت رہے ہیں، اس تعلق سے کاروار اور ہلیال کے نگراں کار افسر اندھالے بھرت نے افسران کی میٹنگ میں ضروری ہدایات جاری کیں۔
کاروار ڈی سی دفتر ہال میں منعقدہ میٹنگ میں انہوں نے افسران سے کہاکہ ہماری نگرانی کرنے والی ٹیم نے ضلع کے سبھی مقامات کا دورہ کیاہے، انہوں نے چیک پوسٹ پر خواتین پولس اہلکاروں کو زیادہ تعداد میں نامزد کرنے اور سخت نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ چیک پوسٹ پر تعینات عملہ ہر ایک چیز کی باریکی سے جانچ کریں ، خواتین کی تلاشی خاتون اہکار کو ہی کرنے کہا جائے۔ انہوں نے کہاکہ گرمیوں کا زمانہ ہے ، چیک پوسٹ پر پانی کے ٹینکربھی ہوتےہیں ان پانی کی ٹینکروں کو بھی تلاش کریں، اور اگر شراب وغیرہ پائی جائے تو مناسب کارروائی کرے اور اگر تلاشی کے دوران 10لاکھ سے زائد روپئے سپلائی کئےجانے کا پتہ چلتا ہے تو انکم ٹیکس محکمہ کے افسران کو مطلع کیا جائے۔ اسی طرح اخبارات اور میڈیا میں سیاسی پارٹیوں کے لیڈران کی طرف سے شائع ہونے والے اشتہارات کی بھی جانچ کرتےہوئے ان کی تصدیق کریں اور اشتہارات کے اخراجات کو بھی درج کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر پربھو لنگ کولیکٹی نے بات کرتےہوئے کہاکہ ضلع میں رائے دہندگان کی فہرست ترمیم کے بعد 05جنوری 2023کے مطابق ضلع میں کل 1176286ووٹرس ہیں۔ ان میں 591101مرد اور 585185خاتون ووٹرس ہیں۔ ضلع میں 1435پولنگ بوتھ ہیں جہاں ضروری بنیادی سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں۔ میٹنگ میں کمٹہ اور سرسی حلقہ کے نگراں کار افسر مینو سنگھ بشٹ، بھٹکل اور یلاپور حلقہ کی نگراں افسرسومیا پانڈیا جین کے ساتھ ساتھ ایڈیشنل ڈی سی راجو موگویر، سی ای اؤ، سوئپ نوڈل افسر ایشور کمار کاندو، ایس پی وشنو وردھن، اسسٹنٹ کمشنر جئے لکشمی رائے کوڈ، منصوبہ جات افسر اسٹیلا ورگیزسمیت الیکشن افسران اور معاون افسران موجود تھے۔